ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور کے قریب اُلال میں جہاز چٹان سے ٹکراگئی؛ چار لوگ بحفاظت کنارے پہنچنے میں کامیاب؛ 23 لوگوں کی جان خطرے میں!

مینگلور کے قریب اُلال میں جہاز چٹان سے ٹکراگئی؛ چار لوگ بحفاظت کنارے پہنچنے میں کامیاب؛ 23 لوگوں کی جان خطرے میں!

Sun, 04 Jun 2017 06:23:20    S.O. News Service

مینگلور4/جون (ایس او نیوز)  یہاں اُلال میں، بحرعرب سمندر میں ایک جہاز کے سمندری چٹان سے ٹکرانے کے نتیجے میں جہاز کے اندر پانی بھرنا شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں جہاز اب ڈوبنے کے قریب ہے، مگر جہاز میں موجود قریب 23 لوگ زندگی اور موت کی جنگ جوجتے نظر آرہے ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اُلال میں سمندری کٹائو کو دیکھتے ہوئے سمندری دیوار کی تعمیری  کام  کے لئے یہ جہاز مخصوص تھا جس میں 27 مزدور کام کررہے تھے،  سنیچر کی دوپہر قریب ڈھائی بجے جہاز ایک چٹان سے ٹکراگئی، جس سے جہاز کو کافی نقصان ہوا اور سمندری  پانی جہاز میں بھرنا شروع ہوگیا۔ فوری طور پر راحت رسانی کا کام شروع کردیا گیا تھا اور ابتداء میں چار لوگوں کو بچالیا گیا تھا، مگر بعد میں طوفانی ہوائوں اور بارش کے چلتے امدادی کام میں رکائوٹیں پیدا ہوگئیں،  سمندر میں اُٹھتی ہوئی اونچی موجوں کی وجہ سے رات دیر گئے تک  امدادی جہاز متعلقہ ڈوبنے والی جہاز سے دیگر 23 لوگوں کو اپنی جہاز میں سوار کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ حادثہ اُلال کنارے سے قریب دو ہزار میٹر کے فاصلے پر پیش آیا، جبکہ اس وقت جہاز صرف 600 میٹر کے فاصلے پر ہے، مگر ٹھاٹھیں مارتے سمندر کی اونچی اُٹھتی لہروں کی وجہ سے امدادی جہاز اُن تک پہنچنے سے قاصر ہے۔

رات دیر گئے تک امدادی ٹیم اپنی کوششوں میں مصروف تھی، جبکہ جہاز پر موجود لوگوں سے موبائل پر بھی برابر رابطہ بنا ہوا تھا۔ آخری اطلاع ملنے تک جہاز پر پھنسے ہوئے لوگوں نے آفسران سے اپیل کی ہے  کہ اُنہیں ہیلی کاپٹر کے  ذریعے بچایا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ پھنسے ہوئے جہاز میں موجود کچھ لوگ تیرنے میں ماہر ہیں اور وہ جہاز سے کود کر کنارے تک پہنچ سکتے ہیں، مگر جہاز پر موجود زیادہ تر  لوگ تیرنے سے ناواقف ہیں، اُن کو بھی بحفاظت کنارے تک لے جانے کے لئے یہ لوگ جہاز پر ہی موجود ہیں۔ اس بات کی بھی اطلاع ملی ہے کہ سبھی لوگوں کے پاس لائف جیکٹ بھی موجود ہے۔


Share: